ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی بہتری، علاج معالجے کے معیار میں اضافے اور عوام کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کا اچانک دورہ کیا اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری پر سخت نوٹس لیتے ہوئے دو ڈاکٹرز کو معطل جبکہ پانچ ڈاکٹرز کو جواب طلبی کے نوٹس جاری کر دیے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے او پی ڈی، مختلف وارڈز اور ٹی بی کلینک کا تفصیلی معائنہ کیا اور ڈاکٹرز کی حاضری، ڈیوٹی روسٹر اور طبی عملے کی موجودگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر حاضر ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کا مقصد مریضوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ ڈاکٹرز اور طبی عملہ اپنی ذمہ داریاں پابندی وقت اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کرے، حاضری کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غیر حاضری پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ او پی ڈی میں مریضوں کو غیر ضروری انتظار سے بچایا جائے اور تمام مریضوں کا ترتیب وار نمبر کے مطابق معائنہ اور بروقت علاج یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ٹی بی کلینک میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی، علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ان سے فراہم کردہ طبی خدمات کے حوالے سے فیڈ بیک بھی لیا۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ علاج معالجے کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر نہ ہونے دی جائے جبکہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے ہر مریض کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور بہترین علاج یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شہاب عالم بھی ان کے ہمراہ تھے۔




