مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی آباد کاروں کے داخلے کی مذمت

اسلام آباد (بیورو چیف)مسجد اقصی کی مسلسل بے حرمتی ،اسرائیلی آباد کاروں کی دراندازی پر پاکستان اور سعودی عرب سمیت 8مسلم ممالک نے مشترکہ آواز بلند کر دی ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے واضح کیا کہ مسجد اقصی کا پورا احاطہ صرف اور صرف مسلمانوں کی عبادت گاہ ہے، اس کی تاریخی حیثیت میں تبدیلی کی کوئی بھی کوشش قبول نہیں کی جائے گی۔پاکستان، سعودی عرب، مصر، ترکیہ، انڈونیشیا، اردن، قطر اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں اسرائیل کی جانب سے 30نئی غیر قانونی بستیوں کی منظوری کی شدید مذمت کی گئی ۔ فلسطینی بچوں اور اسکولوں پر حملوں کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کی کوششیں مسترد کر دی گئیں۔ مسلم ممالک نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت کی توثیق کرے ۔ مشترکہ بیان میں انیس سو سڑسٹھ کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں