فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) رضاآباد کے علاقہ ظفرآباد میں معمولی جھگڑے پر مسلح افراد کی فائرنگ’ مخالف قتل’ باپ بیٹے سمیت 5افراد بری طرح زخمی ہو گئے، حالات کے ستائے نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ اوباش نوجوان کی گونگی بہری ملازمہ سے زیادتی’ فوڈ اتھارٹی نے چھاپہ مار کر مضرصحت ملاوٹی کلونجی برآمد’ کھیتوں میں داخل ہونے پر زمیندار نے محنت کش کے بکرے کی ٹانگ توڑ دی’ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق تھانہ رضاآباد کے علاقہ ظفرآباد کے رہائشی غلام مصطفی نے بتایا کہ چند روز قبل معمولی جھگڑے پر اس کے بھائی غلام مصطفی نے مبارک علی اور علی حسن کی صلح کروائی، اسی دوران غلام مرتضیٰ کی بہن سے تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کا بدلہ لینے کیلئے مشتعل ملزمان تنویر عرف راشی’ ابوبکر’ طیب’ حمزہ اور بادشاہ وغیرہ نے گھر کی چھت پر چڑھ کر ان پر فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے غلام مرتضیٰ’ مبارک علی’ اس کا بیٹا علی حسن اور علی حیدر بری طرح زخمی ہو گئے، جنہیں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ غلام مرتضیٰ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ جبکہ دیگر ہسپتال میں زیرعلاج ہیں، پولیس نے قتل واقدام قتل سمیت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی جبکہ تاندلیانوالہ کے رہائشی 24سالہ صدی احمد ولد حیات نے حالات سے تنگ آ کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ منصورآباد کے علاقہ سٹیم پاور کے رہائشی رفیق نے بتایا کہ اسکی گونگی اور بہری بیٹی اسد نامی شخص کے گھر ملازمت کرتی تھی جسے اس کے جواں سالہ بیٹے محسن نے ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے فوڈ سیفٹی آفیسر احسن محمود نے جھنگ بازار کے علاقہ شیخ کالونی میں چھاپہ مار کر رنگ دیکر جعلی ومضر صحت کلونجی تیار کر کے شہر بھر میں فروخت کرنے والے ملزم احمد کو قابو کر کے بھاری مقدار میں جعلی ومضرصحت کلونجی قبضہ میں لیکر تلف کر دیا، یونٹ کو سیل کر دیا۔ علاوہ ازیں سمندری کے علاقہ 438 گ ب کے رہائشی طیب کا بکرا کاشتکار شعیب کے کھیتوں میں گیا تو ملزم شعیب نے بکرے کی ٹانگ توڑ دی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔




