مسلم لیگ(ن)کے اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز بھی پولیس گردی سے غیر محفوظ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومتی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز بھی پولیس گردی سے غیر محفوظ’ وزیراعلیٰ پنجاب کے پولیس کو عوام دوست بنانے کے تمام دعوے ہوا برد۔ تفصیلات کے مطابق مدینہ ٹائون پولیس کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے سابق وائس چیئرمین وسیم عباس باجوہ کیخلاف 2کلو ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ درج کرنے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی’ ٹکٹ ہولڈرز’ کارکنوں اور وسیم عباس باجوہ کے اہل خانہ کی جانب سے ضلع کونسل چوک میں احتجاج کیا گیا جس میں ایم این اے بیرسٹر راجہ دانیال احمد’ ٹکٹ ہولڈر عرفان منان’ ٹکٹ ہولڈر شیخ یوسف’ سابق ایم پی اے علی عباس خاں ودیگر شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ ٹائون پولیس منشیات کے جھوٹے مقدمات درج کر رہی ہے، جس کی واضح مثال وسیم عباس باجوہ کے خلاف مقدمہ درج کرنا ہے۔ لہٰذا ایس ایچ او مدینہ ٹائون عدیل اکرم چیمہ کو نہ صرف معطل کیا جائے بلکہ نوکری سے فارغ کیا جائے۔ اگر مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور ممبران اسمبلی کی یہ صورت حال ہے تو عام شہریوں کا کیا حال ہو گا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے پنجاب پولیس کو عوام دوست بنانے کے تمام دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں