معاشرتی مسائل کے حل کیلئے مثبت رویے اختیار کرنا ضروری ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)خواتین کی خدا داد صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے اُن کی ذہنی صحت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے” عصر حاضر میں ذہنی صحت کی اہمیت” بارے ایک آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں پنجاب کی پہلی خاتون محتسب محترمہ نجمہ افضل ، پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگر ، فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی صدر محترمہ شاہدہ آفتاب اور ڈاکٹر سمرین افضل نے بھی شرکت کی۔ اس تقریب کا اہتمام وومن چیمبر کی قائمہ کمیٹی برائے وومن ہیلتھ نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ سائیکیٹری اینڈبیہیوریل سائنسز کے اشتراک سے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نفا نفسی کے موجودہ دور میں لیپ ٹاپ ، موبائل فون اور مصنوعی ذہانت سے متعلقہ دیگر آلات کا استعمال بہت بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ نئی ایجادات کا استعمال ممنوع نہیں لیکن حد سے زیادہ اِن پر انحصار نے انسانوں کو کند ذہن بنا دیا ہے۔ انہوں نے جرمنی کا حوالہ دیا جہاں 16سال سے کم عمر بچوں کیلئے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہو ںنے صحتمند معاشرے کیلئے صحت مند ذہن کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ جن ملکوں نے خواتین کو اپنے مرکزی دھارے کا حصہ بنایا انہوں نے تیزی سے ترقی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 51فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے جن کی دماغی اور ذہنی صحت کیلئے اُن کو آگاہی دینا بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں ، بہن اور بیٹی کی شکل میں خواتین معاشرے کی اجتماعی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر تی ہیں اور اُن کے مثبت رویوں سے ہی معاشرتی مسائل حل ہو تے ہیں۔ انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ آج کی اس تقریب سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کوشاں ہیں اور فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی اُن کی کوششوں کی معترف ہے۔ انہوں نے پنجاب کی پہلی خاتون محتسب محترمہ نجمہ افضل اور اُن کے خاندان کی فیصل آباد کی پائیدار ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ فیصل آباد میں ایکسپو سنٹر کے قیام کیلئے کوشاں ہیں اِس سلسلہ میں رانا احسان افضل خاں وزیر اعظم کے کو آرڈی نیٹر برائے کامرس نے اُن کی بے حد مددکی۔انہوں نے کہا کہ ایکسپو سنٹر کے قیام کے بعد خواتین سٹارٹ اپس بھی وہاں اپنی مصنوعات کی نمائش کر سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خاتون انٹر پرینوئرز جو برانڈ مارکیٹ میں متعارف کر ا رہی ہیں وہ ہم سے زیادہ بہتر اور کامیاب ہیں۔ آخر میں انہوں نے ڈاکٹر نجمہ افضل، پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگر اور ڈاکٹر سمرین افضل کو خصوصی شیلڈوں سے نوازا۔ جبکہ دیگر مقررین نے دماغی صحت بارے آگاہی دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں