فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ایم پی اے میاں طاہر جمیل نے معرکہ حق کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پی پی 115فیصل آباد سے ایم پی اے میاں طاہر جمیل کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کے لیے پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وطن کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ معرکہ حق ہمارے قومی وقار اور بہادری کی روشن مثال ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔پاکستان کی سالمیت، استحکام اور نظریاتی احساس کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور کسی بھی قسم کی جارحیت یا سازش کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ معرکہ حق او رہمارے شہداء کی قربانیوں کو نصاب میں شامل کیا جائے۔ شہداء اور غازیوں کے لیے خصوصی پیکجز’ مالی معاونت اور فلاحی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ نوجوان نسل میں حب الوطنی اور قومی شعور بیدار کرنے کے لیے سیمینارز’ کانفرنسز اور آگاہی مہمات کا انعقاد کیا جائے۔ معرکہ حق سے متعلق یادگاریں اور میوزیم قائم کیے جائیں تاکہ آنے والی نسلیں اس سے سبق حاصل کر سکیں۔




