نارووال ( نامہ نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے معرکہ حق جیت لیا اب ہم نے معرکہ معیشت جیتنا ہے،نشان امتیاز اپنے ہر ووٹر کے نام کرتا ہوں جس نے شیر پر مہر لگائی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے اعزاز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ اللہ نے ہمیں معرکہ حق میں کامیابی دی ہے،مودی نے 30 سالوں سے اپنے اوپر علاقے کے تھانے دار ہونے کا میک اپ لگا لیا تھا لیکن چار دنوں کے اندر ہماری بہادر مسلح افواج نے اس کا میک اپ اتار دیا ہماری فوج نے بھارت کی حقیقت دنیا کو بتا دی، پاکستان کے اوپر کوئی میلی نگاہ نہیں ڈال سکتا،یہ کامیابی ہماری قیادت ہماری افواج اور عوام کے اتحاد سے ممکن ہوئی۔احسن اقبال نے کہا کہ ملک کی قیادت ایک ایسے وزیراعظم کے ہاتھوں میں تھی جس نے یہ نہیں کہا کہ کیا میں بھارت پرحملہ کر دوں؟ ہمارے وزیراعظم نے مسلح افواج کو پورا اختیار دیا،وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کو جواب میں ایسا مزہ چکھائیں کہ دن میں تارے نظر آجائیں،پھر پوری دنیا نے دیکھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے وہ کر دکھایا کہ ہمارے شاہینوں نے فضائوں میں بھارت کے غرور کو تار تار کر دیا،شاہینوں نے بھارت کے رافیل جہاز گرا کر ثابت کیا کہ ٹیکنالوجی نہیں جذبہ جیتتا ہے،ہم نے معرکہ حق جیت لیا اب ہم نے معرکہ معیشت جیتنا ہے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا میں نشان امتیاز اپنے ہر ووٹر کے نام کرتا ہوں جس نے شیر پر مہر لگائی۔




