معرکہ حق میں عظیم کامیابی،FDAکا افواج پاکستان کو خراج تحسین

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معرکہ حق میں تاریخی فتح کے ایک سال مکمل ہونے کی یاد میں فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کے زیر اہتمام ایک پرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کی۔ ریلی میں چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز یاسر اعجاز چٹھہ، جنید حسن منج، اسما محسن، عاصم محمود، افنان سعید سندھو، پی ایس او شبیر ساجد گجر، ڈپٹی ڈائریکٹر میاں اسد مجید اور لیگل کنسلٹنٹ رانا سلیم سمیت دیگر افسران، ملازمین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی ایف ڈی اے کمپلیکس سے شروع ہو کر مال روڈ اور ریلوے اسٹیشن چوک سے گزرتی ہوئی واپس ایف ڈی اے کمپلیکس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک افواج سے اظہارِ یکجہتی، شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت، قومی اتحاد اور حب الوطنی کے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا کہ معرکہ حق میں حاصل ہونے والی تاریخی کامیابی ہماری قومی یکجہتی، افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوام کے غیر متزلزل جذبہ حب الوطنی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے ہر مشکل گھڑی میں متحد ہو کر ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی افواج کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات نئی نسل میں قومی شعور، اتحاد اور وطن سے محبت کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے معرکہ حق میں تاریخی فتح کو قومی تاریخ کا سنہری باب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان نے بے مثال اتحاد، جرات اور قربانیوں کی بدولت دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم کامیابی وطن عزیز کے دفاع، سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کی روشن علامت ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں حاصل ہونے والی تاریخی فتح نے ثابت کردیا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہے اور ملک کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتی۔ محمد آصف چوہدری نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور قوم ان عظیم ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرتی رہے گی جنہوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ ہمیں اس تاریخی کامیابی کے پیغام کو نئی نسل تک منتقل کرنا ہوگا تاکہ ان میں حب الوطنی، اتحاد اور قومی ذمہ داری کا شعور مزید اجاگر ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن تجدیدِ عہد کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ ریلی کے اختتام پر معرکہ حق میں شاندار فتح کی سالگرہ کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے افسران و سٹاف کے ہمراہ اپنے دفتر میں کیک کاٹا اور ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی، بقا و سلامتی اور افواج پاکستان کے حق میں خصوصی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں