فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ رضا آباد سفیان بٹر نے ظفرآباد میں معمولی جھگڑے پر دو افراد کو قتل اور باپ بیٹے سمیت3افراد کو زخمی کرنیوالے مرکزی ملزم حمزہ کو گرفتار کر لیا’ ظفرآباد کے رہائشی غلام مصطفی نے بتایا کہ 28جولائی کو اس کے بھائی غلام مرتضیٰ نے لڑائی جھگڑے پر مبارک علی اور علی حسن کی صلاح کروائی تھی، اس دوران ملزم طیب کی اس کے بھائی غلام مرتضیٰ کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی اور اگلے روز 29جولائی کو اس کا بھائی غلام مرتضیٰ ، مبارک علی، اس کا بیٹا علی حسن، علی حیدر، اکرم ، محمد کاشف ، ساحل ظفر آباد میں وٹو کریانہ سٹور کے باہر کھڑے تھے کہ ملزم حمزہ اور اس کے دیگر ساتھی شبیر اور فوجی کے گھروں کی چھتوں پر آ کر فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے غلام مرتضیٰ، مبارک علی ، اس کا بیٹا علی حسن، علی حیدر اور اکرم ولد عاشق زخمی ہو گئے، ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرتے موقع سے فرار ہو گئے، تمام مضروبان کو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں پر غلام مرتضیٰ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ جبکہ دوسرے روز اکرم ولد عاشق بھی ہسپتال میں چل بسا، تاہم باپ بیٹا اور علی حیدر ہسپتال میں زیر علاج ہیں، تاہم ایس ایچ او سفیان بٹر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر مرکزی ملزم حمزہ کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




