فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ پروگرام کے تحت محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب نے ضلع فیصل آباد میں کامیاب11 ویٹرنری گریجویٹس اور10 پیرا ویٹرنری آفیشلز کو متعلقہ ویٹرنری اداروں میں تعینات کر دیا۔سول ویٹرنری ہسپتال میں نامزدگی سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر روبینہ انجم نے لیٹرز تقسیم کئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل احمد انجم بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ پروگرام نوجوان ویٹرنری گریجویٹس اور پیرا ویٹرنری پروفیشنلز کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے، جدید عملی مہارتیں فراہم کرنے اور صوبے میں معیاری ویٹرنری سروسز کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ڈاکٹر روبینہ انجم نے کہا کہ حکومت پنجاب کا یہ پروگرام نوجوان ویٹرنری پروفیشنلز کو عملی تربیت، جدید مہارتوں اور بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم اقدام ہے۔ ڈاکٹر سہیل احمد انجم نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا اور انہیں معیاری ویٹرنری خدمات کی فراہمی میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔دریں ثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان نے سول ویٹرنری ہسپتال 213ر۔ب سوساں اور 209ر۔ب کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کا مقصد ویٹرنری طبی سہولیات کے معیار، ادارہ جاتی کارکردگی اور محکمانہ امور کا جائزہ لینا تھا۔انہوں نے او پی ڈی سروسز،ادویات کے ذخیرے، ویکسینیشن سرگرمیوں، صفائی ستھرائی، عملے کی حاضری، ریکارڈ کی درستگی، کولڈ چین مینجمنٹ، تشخیص و علاج کی سہولیات اور ہسپتال کے مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈاکٹر حیدر علی خان نے محکمانہ پروگرامز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا اور عملے سے ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ ذمہ داری، نظم و ضبط اور کسان دوست انداز میں معیاری ویٹرنری خدمات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو بروقت اور موثر ویٹرنری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ریکارڈ کو مکمل اور درست رکھا جائے، SPMS-9211پورٹل پر ڈیٹا بروقت اپ لوڈ کیا جائے اور محکمانہ ہدایات پر سختی سے عمل کرتے ہوئے جاری لائیوسٹاک ترقیاتی پروگراموں کے اہداف حاصل کئے جائیں۔




