کٹھوعہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں بھارتی سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے ایک اہلکار نے مبینہ طور پر تلخ کلامی کے بعد اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک افسر سمیت 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔بھارتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق واقعہ شام تقریبا 6 بج کر 40 منٹ پر ضلع کٹھوعہ کے علاقے بسوہلی کے گاں مشکاہ میں قائم سیوا پاور پروجیکٹ میں تعینات سی آئی ایس ایف یونٹ میں پیش آیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ اہلکاروں کے درمیان ہونے والے ایک مبینہ جھگڑے کے بعد پیش آیا۔ سیوا پاور پروجیکٹ دریائے سیوا پر قائم ایک پن بجلی گھر ہے، جو دریائے راوی کی معاون ندی ہے۔فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت اسسٹنٹ کمانڈنٹ انکت کمار پانڈے، سب انسپکٹر لکشمن سنگھ، کانسٹیبل رفیق احمد اور کانسٹیبل سندیپ کمار کے نام سے ہوئی ہے۔سی آئی ایس ایف کے مطابق فائرنگ کرنے والے مشتبہ اہلکار کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل اودھیش کمار سنگھ کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر دفتر میں داخل ہوا اور اپنی سرکاری اے کے 47 رائفل سے اندھا دھند فائرنگ کردی۔سی آئی ایس ایف کے مطابق اہلکار کے پاس 150 گولیاں موجود تھیں، جبکہ واقعے کے بعد اس کی سرکاری رائفل بھی قبضے میں لے لی گئی۔فائرنگ سے زخمی ہونے والے چاروں اہلکاروں کو بھارت کی ریاست ہماچل پردیش میں واقع این ایچ پی سی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق مشتبہ شوٹر اودھیش کمار سنگھ کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے محرکات اور اس کے دیگر پہلوں کی تحقیقات جاری ہیں۔




