سرینگر (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے ہندوئوں کی سالانہ امرناتھ یاترا کی آڑ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں میں تیزی لائی ہے۔ یاترا کیلئے حفاظتی اقدام کے نام پر وادی کشمیر میں سخت خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فورسزاہلکاروں نے ضلع شوپیاں کے چھان پورہ، سید پورہ، سید پورہ ، امشی پورہ اور ملحقہ علاقوں کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ بھارتی اہلکار گھروں میں گھس کر خواتین ، بچوں اور معمر افراد سمیت مکینوں کو سخت ہراساں اور قیمتی گھریلو اشیاء کی لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کر رہے ہیں ۔ بھارتی پیرا ملٹری ”سی آر پی ایف ”اور پولیس اہلکاروں نے سری نگر کے تجارتی مرکز لال چوک اور اس کے ملحقہ علاقوں میں تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی عمل میں لائی۔ فورسز اہلکاروں نے گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، آٹو رکشوں کی سخت تلاشی لی ، مسافروں اورراہگیروں کی شناختی دستاویزات چیک کیں اور انکی سخت تذلیل کی ۔




