ملک دشمنوں کو چن چن کر ماریں گے

مریدکے( نامہ نگار)وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کو ملک کے اندر اور باہر چن چن کر ماریں گے ،بھارت ،افغانستان اور اسرا ئیل گٹھ جوڑ عبرتناک شکست سے دوچار ہوگا۔قلعہ بھٹیانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے پاکستان ساری دنیا میں امن کا ضامن بنے اور پاکستان کے دشمن پاکستان کو نقصان پہنچانے کا سوچیں،دشمن سن لے چاہے وہ پاکستان کے اندر ہوں یا باہر انہیں چن چن کر ماریں گے ،پچیس کروڑ پاکستانی مسلح افواج کے ساتھ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے ڈٹ کر کھڑے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کا سندور مٹی میں ملا چکے ،اب اس کے سہولت کار انجام کو پہنچیں گے ۔ بھارت نے بلوچستان اور دیگر علاقوں میں افغانستان اور دیگر راستوں سے جو خونی کھیل شروع کررکھا ہے اس کے تمام شواہد ہمارے پاس موجود ہیں جنہیں ہم دنیا کے سامنے بھی لاچکے ہیں ،دنیا اس کا نوٹس لے وگرنہ پاکستان اپنے دفاع اور عوام کی حفاظت میں کسی حد تک بھی جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں دہشتگردی پر قابو پایا مگر بانی پی ٹی آئی کی پالیسیوں نے یہ دن دوبارہ دکھایا ہے ،اس نے پاکستان کو اندرونی بیرونی جتنا نقصان پہنچایا دشمن بھی نہیںپہنچا سکا ۔وزیر اعظم شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دن رات کی محنت ،حکمت عملی اوردانشمندی سے پاکستان نہ صرف دوبارہ خوشحالی کے ٹریک پر چڑھا بلکہ پوری دنیا ہماری معترف ہوئی مگر یہ بات پاکستان کے اندر اور باہر بیٹھے دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی اوران کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں،اسی وجہ سے پراکسی شروع کی گئی ہے ،انشااللہ پاکستان ان پراکسیوں کو جڑ سے ختم کرنے گا ۔انہوں نے کہا تحریک انصاف نے انتخابات کے بائیکاٹ کی بات کرکے آزاد کشمیر میں نفرت کا بیج بونے کی کوشش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران جھڑپوں پر پاکستان کو تشویش ہے ،انشااللہ پاکستان امن کی ذمہ داری پر عمل پیرا رہے گا ،امریکہ ،ایران دونوں سے کہا ہے امن معاہدہ پر عمل کیا جائے اور دنیا کا امن دائوپر نہ لگایا جائے ،امریکی صدر اور ایرانی قیادت ہمارے موقف سے متفق ہے انشااللہ امن بحال ہوکر رہے گا اورغلط فہمیاں دور ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں