فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ممتاز عالم دین’ جامعہ چشتیہ نظامیہ کے بانی’ استاذ القراء الحاج قاری محمد شریف کھرل رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے، (اناﷲ وانا الیہ راجعون)۔ وہ سینکڑوں حفاظ قرآن کے استاد اور 40سال سے تدریس قرآن پاک سے وابستہ تھے جو پوری زندگی بڑی خوش اسلوبی سے یہ فریضہ سرانجام دیتے رہے، استاذ القراء الحاج قاری محمد شریف کھرل نے پوری زندگی عشق رسول صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی شمعیں روشن کیں اور قرآن پاک کا نور پھیلاتے رہے، ان کے شاگردوں کی بڑی تعداد بیرون ملک بالخصوص مصر میں بھی تدریس قرآن کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے، چاروں مسالک کے لوگ اہل اسلام ان کا قرآن پاک بڑے ذوق وشوق سے سنتے تھے، باہمی رواداری کے فروغ’ اتحاد امت اور تدریس قرآن کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ استاذ القراء قاری محمد شریف کھرل کی نمازجنازہ آج 15جولائی بروز منگل کو بعدازنماز مغرب جمعہ بازار والی گرائونڈ کوکیانوالہ میں ادا کی جائے گی، ان کے انتقال پرملال کی خبر دینی حلقوں میں بڑے دکھ کے ساتھ سنی گئی اور ان کے چاہنے والوں کی بہت بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئی، دینی اداروں کے سربراہوں سمیت ہر طبقہ فکر سے وابستہ شخصیات نے ان کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کے ایڈیٹر ہمایوں طارق اور نیوز ایڈیٹر ریاض ملک سمیت ادارہ کے تمام سٹاف نے سوگواران سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اﷲ تعالیٰ استاذ القراء الحاج قاری محمد شریف کھرل (مرحوم ومغفور) کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے۔ اظہار تعزیت کیلئے ان کے صاحبزادے محمد احمد رضا کا موبائل فون نمبر 0319-5596488 ہے۔




