ساہیوال ( بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے دریائے راوی میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جاری اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مرحبا نعمت، اسسٹنٹ کمشنرز ماہم واحد اور جاوید ممتاز، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر خالد عبداللہ، ایکسین ایریگیشن حافظ محمدطلحہ اور سی ای او ایجوکیشن خالد عالم سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ممکنہ شدید ترین سیلاب کی صورت میں ضلع ساہیوال کے 91 دیہات کے تقریباً ایک لاکھ 75 ہزار افراد متاثر ہو سکتے ہیں جس کے پیش نظر تمام محکموں کی طرف سے پیشگی انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ انہار کی جانب سے فلڈ فائٹنگ کیمپس کے قیام، حفاظتی بندوں کی نگرانی، بھاری مشینری اور دیگر آلات کی فوری دستیابی کا پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے ہدایت کی کہ مقامی ماہر تیراکوں اور رضاکاروں کی فہرستیں مکمل رابطہ نمبرز سمیت فوری تیار کی جائیں، ممکنہ سیلاب کی صورت میں ریلیف کیمپس کے تمام انتظامات پیشگی مکمل رکھے جائیں جبکہ محکمہ لائیو سٹاک مویشیوں کے لیے چارے، ادویات، ویکسینیشن اور ویٹرنری سہولیات کی منصوبہ بندی یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اس لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے، مؤثر کوآرڈی نیشن، فیلڈ میں موجودگی اور ہر وقت الرٹ رہتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہیں تاکہ عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔




