منشیات فروخت کرنیوالے عناصر کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد انعام الرحمن ملک سے الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیا کے نمائندگان کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں سابقہ صدر پریس کلب شاہدعلی،خادم گل،حسام احمد ،صغیر سانول،طاہر شکیل،مقبول لودھی،شائستہ شیخ،حافظ عابداور رانا عتیق شامل تھے۔ملاقات میں باہمی تعاون، عوامی مسائل کے حل اور میڈیا کے ذریعے پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران میڈیا نمائندگان نے پولیس گشت کے نظام، خواتین اور بچوں کے تحفظ اور حقوق سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے پمفلٹس کی تقسیم،کالج یونیورسٹیوں میں سیمینار اورریجن بھر کے تھانوں میں ایس ایچ اوز کی تھانوں میں موجودگی یقینی بنانے کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے۔ آر پی او انعام الرحمن ملک نے وفد کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ان امور پر موثر اقدامات اور عوامی شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر آر پی او فیصل آباد نے کہا کہ منشیات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاہم کسی بے گناہ شہری کے خلاف جھوٹی یا من گھڑت منشیات کی کارروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔پولیس میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اختیارات سے تجاوز کرنے والے اور کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔خواتین اور بچوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پولیس گاڑیوں میں جدید ٹریکرز کی تنصیب کے ذریعے پٹرولنگ کی مثر نگرانی کی جائے گی اورریجن بھر میں پولیس گشت کو مزید مثر اور یقینی بنایا جائے گا۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 15 ایمرجنسی کالز پر پولیس کے رسپانس ٹائم کو مزید بہتر اور FIRsکے اندراج کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ عوامی مسائل کے فوری حل اور شکایات کے ازالے کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاداور تھانوں میں شام 4 بجے سے 6 بجے تکSHOs کی موجودگی کویقینی بنایا جارہا ہے۔آرپی او انعام الرحمن ملک نے کہا کہ امن و امان کا قیام،شہریوں کے جان و مال کا تحفظ،جرائم کا خاتمہ،عوام الناس کو بروقت انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالا دستی اولین ترجیحات ہیں۔اس مقصد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کا لائے جارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں