منشیات کے جھوٹے مقدمات ،سپیکر پنجاب اسمبلی نے 5رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منشیات فروشی کے جھوٹے مقدمات کے اندراج کا سپیکر پنجاب اسمبلی کا نوٹس’ صوبائی وزیر قانون کی سربراہی میں 5رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔ تفصیل کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پی پی 115 سے ایم پی اے میاں طاہر جمیل نے پنجاب اسمبلی کے فلور پر فیصل آباد میں منشیات فروشی کے167 جھوٹے مقدمات کے اندراج کے خلاف بھرپور آواز اٹھاتے ہوئے تحریک پیش کی اور جھوٹے مقدمات کی تفصیل پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی اور کہا کہ عوام کیساتھ ناانصافی اور قانون کے غلط استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ جس پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس افسران کو طلب کر لیا اور فوری طور پر صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان کی سربراہی میں معاملہ کی جانچ پڑتال کیلئے 5رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی اور کمیٹی سے 15 روز میں انکوائری رپورٹ طلب کر لی۔ منشیات کے جھوٹے مقدمات کے خلاف آواز اٹھانے پر شہری حلقے میاں طاہر جمیل کو بھرپور خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔ میاں طاہر جمیل کے بعد ایم پی اے رانا احمد شہریار خاں نے بھی اس معاملہ پر پنجاب اسمبلی میں آواز اٹھائی تھی۔ مدینہ ٹائون پولیس کی جانب سے وائس چیئرمین وسیم عباس باجوہ کیخلاف 2کلو ہیروئن کا درج کیا گیا مقدمہ بھی حساس اداروں کی انکوائری میں مشکوک ثابت ہو گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ وسیم عباس باجوہ کو غالب سٹی سے پکڑا گیا مگر سی سی ٹی وی کیمروں کے مطابق انہیں دفتر سے گرفتار کر کے لیجایا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں