لاہور (بیوروچیف) اداکارہ حمیرا اصغرکی موت کی گتھی تاحال سلجھ نہ سکی، ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ سے بھی کوئی سراہاتھ نہ لگا ۔رپورٹ کے مطابق حمیرا اصغرکی موت 8سے10ماہ پہلے ہوئی، جسم کی کوئی ہڈی نہیں ٹوٹی ،بال اور شرٹ کے ٹکڑے کیمیائی معائنہ کے لیے بھجوا دئیے گئے۔ طبی ماہرین کیمطابق، لاش ڈی کمپوز ہونے کے آخری مرحلے میں تھی، فزیکل معائنے سے زیادتی کا پتا چلانا مشکل ہے۔اداکارہ کی موت سے پہلے طویل گمشدگی نے بھی بڑے سوال کھڑے کردئیے، 5فروری کوایک میگزین نے حمیرا کے لاپتہ ہونے سے متعلق سوشل میڈیاپر پوسٹ کی،جس میں ان کی 7اکتوبر2024سے گمشدگی کاذکرکیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق سوشل میڈیا پر5 فروری 2025 کو اداکارہ کی گمشدگی کی پوسٹ شیئرزکی گئی،پوسٹ میں کہاگیا کہ اداکارہ نے سوشل میڈیا پرسات اکتوبر سے کوئی پوسٹ نہیں کی، پوسٹ منظرعام پرآنے کے بعد بھی پولیس اور اہلخانہ نے کوئی ایکشن نہیں لیا تھا۔ دوسری جانب اداکارہ حمیرا کی لاہورمیں تدفین کردی گئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ناخن ہڈی سے الگ ہوگئے تھے، چہرہ ناقابل شناخت تھا،جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹی ہوئی نہیں پائی گئی۔




