فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) استاذ الاساتذہ ، سابق مدرس جامعہ سلفیہ ممتاز عالم دین و مفتی اعظم مولانا محمد اسماعیل المالدیفی گزشتہ روز قضائے الہی سے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔(انا للہ وانا الیہ راجعون)مرحوم انتہائی نفیس، ہنس مکھ، شریف طبع اور طلبہ سے پیار کرنے والے انسان تھے ۔ مرحوم نے اپنی پوری زندگی درس و تدریس ، دعوت و اصلاح اور تصنیف و تالیف کے لیے وقف کر رکھی تھی ۔ جامعہ سلفیہ فیصل آباد سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد اعلی تعلیم کے لیے مدینہ منورہ سعودی عرب چلے گئے اور وہاں سے سند فراغت حاصل کرنے کے بعد دوبارہ جامعہ سلفیہ میں بطور مدرس خدمات سر انجام دیتے رہے ۔ اور اب اپنے آبائی وطن مالدیپ میں مفتی اعظم کی حیثیت سے خدمات سر انجام دے رہے تھے مرحوم کے ہزاروں شاگرد دنیا بھر میں اسلامی تعلیمات کے پھیلانے کے ذریعہ بنے ہوئے ہیں ۔ مرحوم کی دینی ، علمی ، تصنیفی اور دعوتی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ مرحوم کی وفات پر ان سے فیض یاب ہونے والے مرکزی جمعیت اہلحدیث و اہلحدیث یوتھ فورس کے ذمہ داران و کارکنان خالد محمود اعظم آبادی ، مولانا عبد الطیف سرور ، قاری امان اللہ ، مولانا محمود احمد ضیا ، پروفیسر شوکت حریری دیگر نے مرحوم کی وفات پر گہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسی شخصیات روز روز پیدا نہیں ہوتی، وہ شفیق اور رحیم استاد تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کتاب وسنت کی اشاعت و تبلیغ میں صرف کر دی ہم سب دعا گو ہیں کہ اللہ رب العالمین الشیخ محمد اسماعیل المالدیپی مرحوم کی بشری خطاں سے درگزر کرتے ہوئے جنت الفردوس میں ان کے درجات کو بلند لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین ثم آمین ۔




