مون سون میں نکاسی آب کیلئے تیاریاں مکمل رکھی جائیں،طیب فرید

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا طیب فرید نے کہا ہے کہ مون سون سیزن کیلئے تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں اور گذشتہ سال کی نسبت رواں سال بارشی پانی کی نکاسی کیلئے واضح فرق نظر آنا چاہئے۔ سیوریج لائنوں اور مین چینلز کی ڈی سلٹنگ مہم کو مزید تیز کیا جائے تاکہ یہ مہم مون سون سیزن سے قبل ہو سکے اور موسم برسات کے دوران شہری نکاسی آب کی معیاری سروسز سے مستفید ہو سکیں۔ اپنے دورہ فیصل آباد کے دوران انہوں نے مین چینل ون سعید آباد کلورٹ اور عقب شعیب بلال مارکیٹ سیوریج لائنوں کی ہونے والی ڈی سلٹنگ کا جائزہ لیا اور گیجٹ کو چیک کیا۔ واسا ہیڈ آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے سیوریج لائنوں، ڈرینز لائن، روڈ سائیڈ ڈرینج لائن اور مین چینلز کی ڈی سلٹنگ اور صفائی مہم کو سپیڈ اپ کیا جائے تاکہ مون سون سے قبل ڈی سلٹنگ مہم مکمل ہو سکے۔ ڈی جی پنجاب واسا نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران بارشی پانی کی فوری نکاسی کیلئے پیشگی تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں، تمام مشینری آپریشنل ہونی چاہئے اس ضمن میں کوئی غفلت اور کوتاہی قابل برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فیصل آباد میں سیوریج سسٹم اور مشینری کی اپ گریڈیشن کیلئے ساڑھے 10ارب روپے سے زائد کی سکیمیں چل رہی ہیں جنہیں جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچ سکے۔ ڈی جی پنجاب واسا نے مزید کہا کہ فارن فنڈڈ پراجیکٹس عوامی و فلاحی بہبود کے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جس کے باعث وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ان پراجیکٹس پر خصوصی توجہ مرکوز کررکھی ہے اس لئے فارن فنڈڈ پراجیکٹس کو طے شدہ ٹائم فریم کے مطابق مکمل کیا جائے۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے محکمہ کی کارکردگی، فارن فنڈڈ پراجیکٹس کی پیشرفت، ڈی سلٹنگ مہم سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی جسے انہوں نے سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران بارشی پانی کی فوری نکاسی کیلئے 38میں سے 20پونڈنگ پوائنٹس پر حل نکال کرعمل درآمد مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ باقی بھی مون سون سے قبل کلیئر کر لئے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز شعیب رشید، عثمان ضیا، شعیب ضیائ، ڈائریکٹر آئی اینڈ سی شہریار حسن و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں