موٹروے پر ناجائز چالان نہیں ہونے دیں گے ، وزیر مواصلات

کراچی(بیورو چیف)آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد نے مذاکرات کی کامیابی کے بعد وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ دیا جہاں آمد پر ٹرانسپورٹرز نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا والہانہ استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی، گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے وفاقی وزیر کو سندھی اجرک پہنائی اور حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو وعدے کیے گئے ہیں انہیں ہر حال میں پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے انہیں ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے قائم کردہ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کرکے خصوصی ٹاسک سونپا تھا جسے کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اتحاد کی قیادت نے جس خلوص اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے,9 دنوں تک گھنٹوں بیٹھ کر مسلسل بات چیت جاری رہی اور بالآخر مذاکرات کامیاب ہوئے جو قابل تحسین پیش رفت ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ملکی ترقی کے لیے ان کا تعاون ناگزیر ہے۔عبدالعلیم خان نے ٹرانسپورٹرز کو یقین دہانی کرائی کہ موٹروے پولیس سے ایک بھی ناجائز چالان نہیں ہونے دیں گے،اگر کوئی گاڑی خلاف ورزی نہیں کرتی تو اس کے چالان کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ گاڑیوں پر وزن، رفتار اور دیگر مقررہ حدود کی پابندی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ایکسل لوڈ پالیسی کی خلاف ورزی نہ کریں کیونکہ یہ خود ان کے اپنے مفاد میں ہے۔ مقررہ حد سے زیادہ وزن لادنے سے گاڑیوں کے ساتھ ساتھ سڑکوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ ملک و قوم کے مفاد میں بہترین فیصلے کرنا اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ضرورت پڑی تو وہ خود سڑکوں پر کھڑے ہوکر ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا جائزہ لیں گے جبکہ سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹرویز کو پہلے ہی شاہراہوں کے دورے کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہیتاکہ ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کا موقع پر جائزہ لے کر ان حل تلاش کیا جا سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہراہوں پر”ویٹ اسٹیشنز”سے متعلق ٹرانسپورٹرز کی شکایات فوری طور پر دور کی جائیں گی، جبکہ موٹروے پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کے لائسنس کے اجراء کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس اور این ایچ اے کو عوام دوست ادارے بنانے کے لیے اہم پالیسیاں تشکیل دی گئی ہیں،حکومت ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے مستقل اور مو?ثر حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔اس موقع پر گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومت اور بالخصوص وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی وزیر نے ذاتی دلچسپی لی اور مسلسل مذاکرات کے ذریعے معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کیا۔استقبالیہ میں اویس چوہدری ایڈووکیٹ، امداد حسین نقوی، چوہدری قمر الزمان گل، اظہر سراج، رئوف خان بالا، ملک شیر خان اور ملک حاجی فرید سمیت دیگر ٹرانسپورٹرز رہنمائوں نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں