فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ایم پی اے میاں طاہر جمیل کو پنجاب اسمبلی کی استحقاق کمیٹی کا ممبر نامزد کر دیا۔ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب اور سپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات میں اسمبلی کی استحقاق کمیٹی کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ جس پر انہوں نے متفقہ طور پر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ممبر پنجاب اسمبلی میاں طاہر جمیل کو استحقاق کمیٹی کا ممبر تعینات کر دیا۔ میاں طاہر جمیل کی تعیناتی سے پنجاب بھر کے ایم پی ایز کی تحاریک جن کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔ انہیں زیرغور لا کر ان کے بارے میں اقدامات ہونگے، امید کی جا رہی ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اسمبلی کے ممبران کے تحفظات کو دور کیا جائے تاکہ صوبہ بھر میں میرٹ کو فروغ دیتے ہوئے افسران بالا کو تلقین کی جائے گی کہ میرٹ پر کام کریں اور پارلیمنٹرین کی عزت کریں، اُن کی تعیناتی سے شہری حلقوں میں یہ بات کی جا رہی ہے کہ اب سرکاری افسران کو اپنا قبلہ درست کرنا پڑے گا۔




