کمالیہ(نامہ نگار)تحصیل کمالیہ کے نواحی علاقہ موضع محرم کاٹھیا میں میلہ پیر شہیداں کے موقع پر کبڈی کا شاندار اور کانٹے دار مقابلہ منعقد ہوا۔میچ میں واپڈا کی دو انٹرنیشنل سطح کی ٹیمیں لیسکو اور فیسکو آمنے سامنے آئیں، جہاں زور، طاقت اور مہارت کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔کبڈی کے اس دلچسپ مقابلے کو دیکھنے کے لیے دور دراز علاقوں سے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی تفصیل کے مطابق تحصیل کمالیہ کے نواحی علاقہ موضع محرم کاٹھیا میں میلہ پیر شہیداں کے موقع پر نواز اینڈ شفیع میموریل کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں واپڈا کی دو نامور انٹرنیشنل ٹیمیں فیسکو اور لیسکو مد مقابل تھیں۔میچ کے دوران دونوں ٹیموں نے بہترین دا پیچ، مہارت اور طاقت کا شاندار مظاہرہ کیا۔کبڈی مقابلہ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد دور دراز علاقوں سے پہنچی اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ایس ای فیسکو جھنگ مہر محمد افضل کاٹھیا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے ایسے ایونٹس نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لاتے ہیں اور انہیں نشے جیسی لعنت سے بچاتے ہیں۔مزید انہوں نے ٹورنامنٹ ارگنائزر مہر حسنین نواز کاٹھیا اور علی حماد کاٹھیا کو بہترین ایونٹ کروانے پر مبارک باد دی ۔مہمان خصوصی محمد رمضان بٹ چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل سوشل میڈیا اور منفی سرگرمیوں میں پھنس رہی ہے ، ایسے میں کھیلوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔میچ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز ثابت ہوا، جس میں آخرکار فیسکو کی ٹیم نے کامیابی حاصل کر لی۔اختتام پر ماہر محمد افضل کاٹھیا کی جانب سے جیتنے والی ٹیم میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ شائقین نے خوب تالیاں بجا کر داد دی۔




