فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے مین ہول کی مسنگ پر زیروٹالرنس پالیسی جاری کردی اور واضح کیا ہے کہ سیوریج کا مین ہول 2سے 3گھنٹے کے اندر کور کرایا جائے۔ انہوں نے آپریشنز افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں بالخصوص بچوں کی قیمتی زندگیوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں واسا فیصل آباد کی ٹیمیں دن رات متحرک اور مصروف عمل ہیں۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ آپریشنز سٹاف کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں وزٹ کریں اور چیک کریں کہ کسی سیوریج لاین کا مین ہول مسنگ تو نہیں ہے اور اگر کہیں مسنگ ہے تو اسے فوری طور پر کور کروایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ واسا فیصل آباد کا فری ہیلپ لائن نمبر 1334چوبیس گھنٹے فعال ہے اور شہری اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسنگ مین ہول، مین ہول کور چوری سمیت دیگر معاملات کے بارے شکایت 1334پر اندراج کروا سکتے ہیں جس پر فوری رسپانس کرتے ہوئے متعلقہ شکایت کا ازالہ کیا جائے گا۔




