فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے ٹھیکیدار نے مالی مفاد کیلئے جڑانوالہ روڈ پر میونسپل ڈگری کالج کے سامنے اوور ہیڈ برج کی گرل پر تشہیری مہم کے لئے بڑی ایل سی ڈی لگوا دیں جس کی وجہ سے نہ صرف حادثات کا خدشہ بلکہ اوور ہیڈ برج سے گزرنے والی خواتین وطالبات کیلئے سیکورٹی رسک بن گیا۔راستہ چھپنے سے اوور ہیڈ برج پر نشئیوں نے ڈیرے جما لئے اور راہ چلتی خواتین پر آوازیں کسنے لگے۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد مریم خان، ڈپٹی کمشنر (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ جڑانوالہ روڈ میونسپل ڈگری کالج کے باہر اوور ہیڈ برج پر ایڈورٹائزمنٹ کے لیے لگائی جانے والی ایل سی ڈی ختم کروائی جائے۔تفصیل کے مطابق ضلعی حکومت کی جانب سے جڑانوالہ روڈ پر میونسپل ڈگری کالج کے قریب رش اور ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے پیدل سڑک عبور کرنے والوں کے لیے اوور ہیڈ برج بنایا گیا جہاں پرخواتین اور چھٹی کے اوقات میں بالخصوص طالبات اس برج کے ذریعے گزرتی ہیں۔ اور برج کے اوپر لگی گرل سے راہ چلتی خواتین نظر آتی ہیں۔ پی ایچ اے کے ٹھیکیدار نے مالی مفاد کے لیے اوور ہیڈ برج کے دونوں طرف گرل کے ساتھ ایڈورٹائز منٹ کے لیے بڑی ایل سی ڈی لگوا دیں جو کہ سیکورٹی رسک بن گئی۔ اوور ہیڈ برج پر نشئیوں نے ڈیرے جما لئے اور وہاں سے گزرنے والی خواتین اور طالبات کو ہراساں کرتے ہوئے آوازیں کسنے لگے۔ برج سے گزرنے والی خواتین اور طالبات کو شدید پریشان کر کے رکھ دیا۔دوسری طرف مین روڈ پر بڑی سکرین پر کسی بھی کمپنی کی تشہیر کی وجہ سے بڑے حادثات میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں بھی عبداللہ پور چوک کے اوور ہیڈ برج پر بھی پی ایچ اے کے ٹھیکیدار کی طرف سے دونوں اطراف بڑے بڑے بینرز لگائے جانے سے وہاں پر بھی ایسی ہی صورتحال پیدا ہونے پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اوور ہیڈ برج کی گرل پر ہر کسی قسم کے بینرز یا تشہیری بورڈ لگانے پر پابندی لگائی گئی تھی۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل ڈگری کالج کے باہر اوور ہیڈ برج کی گرل پر لگائے جانے والی بڑی ایل سی ڈی کو اتروایا جائے۔




