میونسپل کمیٹی جڑانوالہ کی سرکاری رہائش گاہوں پر ریٹائرملازمین قابض

جڑانوالہ (نامہ نگار) میونسپل کمیٹی کی سرکاری رہائش گاہوں میں سالہا سال قبل ریٹائرڈ ہونیوالے ملازمین کا مبینہ طور تاحال قبضہ برقرار،رہائش گاہوں کو مبینہ طور پر کرایہ پر دئیے جانے کا بھی انکشاف،عوامی سماجی حلقوں کا وزیراعلیٰ پنجاب،کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے معاملہ کی اعلیٰ سطحی انکوائری کروا کر مبینہ طور پر ناجائز قابضین سے رہائش گاہیں خالی کروانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کی سرکاری رہائش گاہوں میں مبینہ طور پر ناجائز قابضین کا بڑا انکشاف سامنے آیا ہے ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ دفتر کے ساتھ میونسپل کمیٹی کی سرکاری رہائش گاہوں میں سالہا سال قبل ریٹائرڈ ہونیوالے ملازمین نے تاحال مبینہ طور پر قبضہ کر رکھا ہے اور سروس مکمل ہونے کے بعد ریٹائرمنٹ لینے کے باوجود سرکاری رہائش گاہوں کو خالی نہ کیا ہے اور مبینہ طور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرکاری رہائش گاہوں کو مبینہ طور پر اپنی ملکیت سمجھ بیٹھے ہیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ چند ریٹائرڈ ملازمین کی جانب سے سرکاری رہائش گاہوں کو مبینہ طور پر کرایہ پر دینے کا بھی انکشاف ہوا ہے عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ سالہا سال قبل ریٹائرڈ ہونیوالے ملازمین کی جانب سے سرکاری رہائش گاہوں کو خالی نہ کرنا افسران بالا کیلئے لمحہ فکریہ ہے عوامی سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی سے سالہا سال قبل ریٹائرڈ ہونیوالے ملازمین کی جانب سے سرکاری رہائش گاہوں میں مقیم ہونے کے معاملہ کا ازسر نو آڈٹ کروایا جائے اور مبینہ طور پر غیر قانونی قابضین سے سرکاری رہائش گاہوں کو خالی کروایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں