میٹرو بس پراجیکٹ کے روٹ پر واسا کی سروسز منتقلی کیلئے ماہرین سے رپورٹ طلب

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے میٹرو بس پراجیکٹ کے روٹ پر واسا کی سروسز(سیور پائپ لائینز)کی منتقلی کے لئے تکنیکی ماہرین کو جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس ضمن میں قابل عمل تجاویز پیش کریں تاکہ شہریوں کو سروسز کی فراہمی میں رکاوٹ بھی نہ آئے اور اہم عوامی پراجیکٹ کا تعمیراتی عمل بھی بلاتعطل جاری رہے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کے ہمراہ میٹرو بس پراجیکٹ کے روٹس کا دورہ کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد نے ایم ڈی واسا ثاقب رضا سے بریفنگ لی۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان،ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خان سمیت نیسپاک کے انجینئرز بھی موجود تھے۔کمشنر فیصل آباد نے واسا کی لائن کی صورتحال کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا۔انہوں نے جڑانوالہ روڈ میٹرو روٹ پر تجاوزات کے صفایا کے لئے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو ہدایت جاری کی اور کہا کہ متبادل راستے ہموار کئے جائیں تاکہ شہریوں کو آمدروفت میں دشواری نہ ہو۔انہوں نے تسلسل کے ساتھ پانی کے چھڑکاؤ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی عمل کے باعث مٹی دھول اڑنے سے سموگ کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے جس کی روک تھام ناگز ہے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو میٹرو روٹس پر حائل رکاوٹیں اور سروسز کی منتقلی کا عمل مزید تیزی سے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں واسا کی لائینز کی منتقلی کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں