میڈیکل کالجز میں داخلہ ٹیسٹ انتظامات مکمل کئے جائیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام میڈیکل کالجز میں داخلہ کیلئے اتوار26اکتوبرکو ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے ضروری انتظامات کو ہرلحاظ سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہا کہ متعلقہ افسران سنٹرز کا دورہ کرکے درکار ضرورتوں کا جائزہ لے کر جامع رپورٹ پیش کریں تاکہ خامیوں کا قبل ازوقت ازالہ کیا جاسکے۔انہوں نے یہ ہدایات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے حوالے سے انتظامی وحفاظتی امور کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز سٹی وصدر،سنٹرز کے انچارج،کوآرڈینیٹر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، پارکنگ کمپنی،ریسکیو1122،سول ڈیفنس،ٹریفک پولیس،فیسکو،فیصل آبادویسٹ مینجمنٹ کمپنی،میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سابقہ تجربات کومدنظر رکھتے ہوئے انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کیلئے ایسے جامع اورٹھوس انتظامات کئے جائیں تاکہ معمولی سی بھی شکایت سامنے نہ آئے۔انہوں نے واضح کیا کہ سنٹرز پر طالب علموں کیلئے پینے کا پانی وافر مقدار میں موجود ہونا چاہیے جبکہ کمرہ امتحان میں دیوار پر گھڑیاں فنکشنل ہونی چاہیں۔انہوں نے موثر ٹریفک پلان ترتیب دینے،پارکنگ کیلئے مناسب جگہوں کا انتخاب کرنے،پبلک ایڈریس سسٹم،ٹک شاپس کے قیام،والدین کے بیٹھنے کے لئے بہترین انتظامات،بجلی کی بلاتعطل سپلائی،صاف ستھرے واش رومز،میڈیکل کیمپس لگانے،سنٹرز کے باہر گتے و پنسلیں فروخت کرنے والوں پر نظررکھنے،امتحانی میٹریل کو باحفاظت سنٹرز تک لے جانے کے لئے متعلقہ افسران کواپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھانے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں