نئے صوبوں سے متعلق کوئی بات ایجنڈے پر نہیں،رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو صاف شفاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم ن لیگ آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنائے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا پنجاب میں ترقی پر آزاد کشمیر کے لوگوں نے ن لیگ کو ووٹ دیا، پیپلزپارٹی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی پروپیگنڈا کرتے ہوئے داخل ہوئی، امید ہیکہ آزاد کشمر انتخابات کے اگلے مرحلے میں 10 نشستوں میں 7 ہم جیت جائیں گے، آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے کے بعد پیپلزپارٹی نتائج کو تسلیم کرلے گی۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو اچھی طرح معلوم ہے کہ یہ الیکشن فری اینڈ فیئر ہوئے ہیں، ن لیگ آزاد کشمیر میں اتحادی نہیں اپنی حکومت بنائے گی۔نئے صوبوں سے متعلق سوال پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا ن لیگ کا ایسا کوئی اجلاس نہیں ہوا جس میں نئے صوبوں سے متعلق واضح موقف اپنایا گیا ہو، نئے صوبوں سے متعلق کوئی بات ابھی ایجنڈے پر نہیں، پارلیمانی جمہوری نظام اور 1973 کے آئین میں کوئی کمی نہیں، یہی نظام گزشتہ 50، 60 سال سے پورے ملک کو سنبھالے ہوئے ہے، بہت سے مسائل آئے، مارشل لا اور آمریت بھی آئی آئین نے ملک اور وفاق کو جوڑے رکھا۔رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا اس نظام میں کمی نہیں، کمی ہم میں ہے جو ہم نے اس آئین پر عمل نہیں کیا، ہم اس نظام اور آئین پر سچائی کے ساتھ عمل کریں تو یہ ڈیلیور کرے گا، ہم آئین کی خلاف ورزی کریں نظام کو آسیب کی طرح جکڑے رکھیں تو یہ کام کیسے کرے گا، یہی سسٹم اور یہی آئین نصف صدی تک کامیاب رہا آئندہ بھی کامیاب ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں