اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان میں نئے صوبوں اور وفاقی یونٹس کی تشکیل کیلئے ورکنگ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ میں صوبوں کے معاملے پر بحث کا آغازکرنے اور مشترکہ اجلاس بلانے کیلئے حکمت عملی طے کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق نئے صوبوں اور یونٹس کے حوالے سے آئندہ 2ہفتے اہم قراردیئے جارہے ہیں ،اہم قانونی معاملات پر آئینی ماہرین اور قانونی ٹیموں کو ورکنگ مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس اور ریفرنڈم کیلئے قانونی ٹیم کی ورکنگ جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ریفرنڈم کیلئے آئینی نکات اور دیگر معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، صوبوں کے معاملے پر اتفاق رائے کیلئے بھی اہم شخصیات کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔دریں ثناء ۔لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر مسلم لیگ ن ایک پیج پر ہے، پارٹی میں کسی قسم کا اختلاف نہیں۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو توڑنے والے کئی آئے اور کئی چلے گئے، پارٹی اپنی جگہ موجود ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کیلئے لندن میں موجود تھیں، گریجویشن تقریب میں شرکت کے بعد مریم نواز لندن میں اپنی رہائشگاہ سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئیں۔مریم نواز کی لندن سے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو بھی ہوئی، جس میں انہوں نے مسلم لیگ ن کے اندرونی معاملات اور صوبوں کے حوالے سے پارٹی موقف واضح کیا۔




