نئے گیس کنکشن کے خواہش مندوں کو سستی RLNGدینے کا فیصلہ

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے نئے گیس کنکشن حاصل کرنے والوں کو سستی آر ایل این جی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق حکومت نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت گھریلو اور تجارتی شعبوں میں نئے گیس کنکشن کے خواہشمندوں کو درآمد شدہ گیس آر ایل این جی فراہم کی جائے گی جو ایل پی جی کے مقابلے میں 31.25 فیصد سستی ہوگی۔اس فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ نئے گیس صارفین کو موجودہ گھریلو صارفین کے برابر نہیں سمجھا جائے گا جن کے لیے سلیب کے لحاظ سے 12مختلف کیٹیگریز موجود ہیں۔ ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان اس وقت آر ایل این جی (درآمد شدہ گیس) کی اضافی مقدار کے مسئلے کا سامنا کر رہا ہے اور حکام چاہتے ہیں کہ یہ گیس ملک بھر میں نئے گیس کنکشن کے خواہشمند افراد کو فراہم کی جائے، اس صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت نے 2021سے عائد گیس کنکشنز پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ آر ایل این جی کی قیمت اب بھی ایل پی جی کے مقابلے میں 20 سے 25 فیصد کم ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ آر ایل این جی پائپ کے ذریعے فراہم کی جانے والی گیس ہوگی۔ وزیر اعظم نے اصولی طور پر اس اقدام کی منظوری دے دی ہے جب کہ اس فیصلے کی سمری منظوری کے لیے کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی او ای) کو بھیج دی گئی ہے۔ سی سی او ای کی منظوری کے بعد ایک میڈیا مہم بھی شروع کی جائے گی تاکہ لوگوں کو ایل پی جی کے بجائے آر ایل این جی استعمال کرنے کی ترغیب دی جا سکے کیونکہ آر ایل این جی کی قیمت 3300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں