ناخلف بیٹے کے ہاتھوں باپ قتل،ٹریفک حادثہ میں نوجوان چل بسا،ڈاکوؤں نے سکوٹی سوار ماں بیٹی سے بیگ چھین لیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جائیداد کے تنازعہ پر ناخلف بیٹے کے ہاتھوں باپ قتل’ ٹریفک حادثہ میں نوجوان جاں بحق’ اتھرے ڈاکوئوں نے سکوٹی سوار ماں بیٹی پر تشدد کر کے بیگ چھین لیا’ مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈیافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار’ فوڈ اتھارٹی نے بیمار اور مردہ جانوروں کا 100 من مضرصحت گوشت برآمد کر لیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق تھانہ بلوچنی کے علاقہ 98 رب میں جائیداد کی تقسیم کے جھگڑے پر ناخلف بیٹے گلزار احمد نے فائرنگ کر کے باپ سرور کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل بیٹے کی تلاش شروع کر دی۔ تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ نورپور کے قریب محمد سرور پیدل سڑک عبور کر رہا تھا کہ تیز رفتار موٹرسائیکل سواروں کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر کے موٹرسائیکل سوار ملزمان بلال اور سرور کی تلاش شروع کر دی۔ تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ سلیمی چوک کے عقب میں زوار حسین کی بیٹی زینب اپنی والدہ کے ہمراہ سکوٹی پر جا رہی تھی کہ دو نامعلوم مسلح ڈاکوئوں نے روکا اور بیگ چھیننے کے دوران مزاحمت پر پسٹل کے بٹ مار کر زینب کو بری طرح زخمی کر دیا جو بے ہوش ہو کر گری تو اتھرے ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے۔تھانہ ٹھیکریوالا کے علاقہ میںمبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ایس ایچ او طاہر شبیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی، فائرنگ کا تبادلہ رکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام کاشف ولد شمس الدین سکنہ225ر۔ب بتایا جو کہ ریکارڈ یافتہ اور متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم نے ساندل بار کے علاقہ30ج ب میں مشکوک لوڈر رکشہ کوروک کر چیک کیا تو اس میں 100کلو گرام مضر صحت گوشت برآمد ہوا جس پر لوڈر رکشہ کے ڈرائیور عرفان ولدمحبت جمال کو حوالہ پولیس کر دیا ، مذکورہ مضر صحت گوشت شہرکے مختلف علاقوںمیں سپلائی کیا جانا تھا گوشت کو موقع پر تلف کر دیا، ساندل بار پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں