فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) نادرا کے یونین کونسلز سسٹم میں پیچیدگیوں کے باعث سائلین خوار’ نارمل برتھ اور اموات ریکارڈ کو لیٹ کیٹیگری میں ڈال دیا جاتا ہے’ سرٹیفکیٹس نہ ملنے پر سیکرٹریز یونین کونسل اور سائلین میں لڑائی جھگڑے روزمرہ کا معمول بن گئے۔ ذرائع کے مطابق نادرا کی جانب سے یونین کونسل کے ریکارڈ کو اپ گریڈ اور کمپیوٹرائزڈ کرنے سے سسٹم غیر فعال ہو گیا۔ جب کوئی سائل 2020ء سے پرانا برتھ’ اموات کا سرٹیفکیٹ لینے کیلئے آتا ہے تو سیکرٹری یونین کونسل کی جانب سے ڈاکومنٹس اپ لوڈ کرنے پر نادرا کا سسٹم فوری طور پر نارمل ریکارڈ کو لیٹ اندراج کی آپشن دیتا ہے جسکی وجہ سے نارمل برتھ’ موت سرٹیفکیٹ نہیں آتا، لیٹ اندراج کی آپشن پر سیکرٹری یونین کونسل کو پرانے رجسٹرڈ ریکارڈ ڈائریکٹر آفس سے تصدیق کرنے کے بعد اب ہو گا۔ جس کو کئی کئی دن لگ جاتے ہیں اور مینوئل ریکارڈ اپ ڈیٹ کرنے کا کوئی آپشن موجود نہیں ہے اور پرانے ریکارڈ کو کمپیوٹر میں اپ لوڈ کا بھی کوئی خانہ نہ رکھا گیا ہے۔ قبل ازیں پرانے ریکارڈ کے مطابق رجسٹرڈ کے صفحہ کو سکین کرنے سے سرٹیفکیٹ مل جاتا تھا۔ اب پرانے اندراج کو نارمل جس میں کوئی تبدیلی یا تصحیح نہیں کی جاتی اسکو بھی لیٹ اندراج میں ڈال دیا جاتا ہے اور بروقت سرٹیفکیٹ نہ ملنے پر سائلین اور سیکرٹری یونین کونسل میں لڑائی جھگڑے معمول بن چکے ہیں۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پرانے ریکارڈ کے مطابق نارمل سرٹیفکیٹ کے اجراء کیلئے نادرا سسٹم کو درست کیا جائے۔




