کراچی(بیورو چیف)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کیلئے نئی سہولت متعارف کرادی، جس کے تحت اپنی باری کا انتظار کرنیکی ضرورت نہیں ہوگی۔پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شہری ملک بھر میں کسی بھی نادرا دفتر میں اپنی سہولت کے مطابق مطلوبہ وقت کی پیشگی بکنگ کراسکیں گے۔ شہری مقررہ وقت سے کچھ دیر قبل متعلقہ دفتر پہنچ کر بغیر طویل انتظار کے مطلوبہ خدمات حاصل کرسکیں گے۔نادرا نے حال ہی میں پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا ورڑن بھی جاری کیا ہے،۔نادرا کے ترجمان سید شباہت علی نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ نئے ورڑن میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کو آن لائن شکایت درج کرانے، خاندانی ریکارڈ کی درستگی، دستخط اپ لوڈ کرنے اور شناختی دستاویزات سے متعلق ڈیجیٹل سہولیات سمیت متعدد نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔نادرا حکام کے مطابق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شہریوں کو مختلف خدمات گھر بیٹھے حاصل کرنے میں مزید آسانی ہوگی، جبکہ نادرا دفاتر میں غیر ضروری رش اور انتظار کے وقت میں بھی کمی لانے میں مدد ملے گی۔




