فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ کینال روڈ فیصل پلی کے قریب ٹریفک کا المناک حادثہ’ تیز رفتار کار ڈیوائیڈر سے ٹکرانے سے 2 نوجوان جاں بحق اور 3 بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچا دیا’ گاڑی بری طرح تباہ ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ سمن آباد نثار کالونی کا رہائشی 22سالہ احمد مرتضیٰ ولد غلام مرتضیٰ’ اپنے دوستوں 20 سالہ حذیفہ ولد طاہر محمود سکنہ مدینہ ٹائون’ 21سالہ شاہ زیب ولد محمد ندیم سکنہ یٰسین آباد’ 18سالہ موہد طاہر ولد طاہر محمود سکنہ مدینہ ٹائون اور 25سالہ جعفر ولد عامر سکنہ نواں لاہور کے ہمراہ کار نمبری BTJ-592 پر سمندری روڈ سے مدینہ ٹائون جا رہے تھے کہ جب وہ فیصل پلی یوٹرن کے قریب پہنچے تو تیز رفتاری کے باعث کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، کار سوار بری طرح زخمی ہو گئے، گاڑی کا اگلا حصہ تباہ ہو گیا، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 اور پولیس موقع پر پہنچ گئی’ کار سوار احمد مرتضیٰ ولد غلام مرتضیٰ اور اس کا دوست حذیفہ ولد طاہر محمود زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکے تھے۔ جس پر ان کی نعشیں پولیس کے حوالے کر کے دیگر زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا۔ یاد رہے کہ کمشنر فیصل آباد ڈویژن عمران حامد شیخ نے چند روز قبل کینال روڈ کا وزٹ کرتے ہوئے سڑک کے درمیان میں ڈیوائیڈر ختم کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ جس کی وجہ سے حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے مگر اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ بالخصوص رات کے اوقات میں تیز رفتار گاڑیوں سڑک کے درمیان میں ڈیوائیڈر سے ٹکرانے سے حادثات رونما ہوئے تھے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ کینال روڈ پر سڑک کے درمیان بنائے گئے ڈیوائیڈر کو فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ حادثات سے محفوظ رہا جا سکے۔




