فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ ، پنجاب کونسل آف آرٹس اور نعت اکیڈمی کے باہمی اشتراک سے نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں محفلِ نعت و سیرت النبی ۖ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔محفل کا مقصد حضور اکرم ۖ کی سیرتِ طیبہ کے پیغامِ اخوت،رواداری اور امن و محبت کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب میں ایڈمن آفیسر ڈپٹی کمشنر آفس ریاض حسین انجم سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے ممتاز علما کرام اور مذہبی اسکالرز نے شرکت کی۔علمائے کرام میں صاحبزادہ فیض رسول، مولانا ریاض کھرل،مفتی لیاقت علی، علامہ سید حیدر رضا، پروفیسر خان چشتی، علامہ آصف قادری، محمد ندیم اویسی (اہلسنت)، شاہد اشرف (اہلحدیث)، حسنین شیرازی اور مظہر عباس (اہل تشیع)شامل تھے۔اس موقع پر صاحبزادہ فیض رسول نے کہا کہ دین اسلام انتشار نہیں بلکہ امن، اخوت اور ریاستی وفاداری کا دین ہے۔حضور ۖ کی سیرتِ طیبہ ہمیں صبر، برداشت اور انسانیت سے محبت کا درس دیتی ہے۔ اگر ہم آپ ۖ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنا لیں تو معاشرے سے نفرت، تعصب اور ناانصافی کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن پروپیگنڈے اور فتنہ انگیز بیانیوں کے خلاف اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ ریاض کھرل نے کہا کہ معاشرے میں نفرت یا انتشار پھیلانے والے عناصر کو سیرت النبی ۖ کی روشنی میں نظرانداز نہیں بلکہ اصلاح کے راستے پر لانا چاہیے۔سیرت النبی ۖ کانفرنس کا مقصد نوجوان نسل کو دین اسلام کے اصل پیغام سے روشناس کرانا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں میں سیرتِ رسول ۖ کو عملی طور پر نافذ کریں تاکہ امت مسلمہ ایک بار پھر ترقی و عزت کی راہ پر گامزن ہو۔علمائے کرام نے کہا کہ سیرت النبی ۖ ہمیں اتحاد، نظم و ضبط اور ریاست کے استحکام کا درس دیتی ہے۔شرکائے محفل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انتشار پھیلانے والے عناصر کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم متحد ہے۔مقررین نے کہا کہ ملک و ملت کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر دراصل امت کے اتحاد اور امن کے دشمن ہیں۔علمائے کرام نے کہا کہ سیرتِ طیبہ پر عمل ہی انتشار، فرقہ واریت اور ریاست دشمن سوچ کا بہترین جواب ہے۔محفل نعت و سیرت کانفرنس میں نعت خواں حضرات نے حضور ۖ کی بارگاہ مین نذرانہ عقیدت پیش اور ملک و ملت کی سلامتی و ترقی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔




