نبی کریم ۖسے وابستگی کے بغیر ایمان کی تکمیل ممکن نہیں

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)منہاج القرآن اسلامک سنٹرعلی پورہ میں ماہانہ درس عرفان القرآ ن کے اجتماع سے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمان اسی وقت معتبر اور کامل ہوتا ہے جب وہ رسول اکرم ۖ کی ذات اقدس کے ساتھ مضبوطی سے وابستہ ہو۔انہوں نے کہا کہ قرآن مجید اللہ تعالی کی عظیم ترین نعمت اور انسانیت کے لیے مکمل ضابطہ ہدایت ہے، جس کا بنیادی مقصد انسان کو اس کے خالق کی معرفت عطا کرنا ہے۔ جو شخص قرآن سے تعلق جوڑتا، اسے سمجھتا اور اس پر عمل کرتا ہے، وہ دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کرتا ہے۔اس موقع پرڈونژنل صدرتحریک منہاج القرآن ملک غلام حسین،ناظم میاں سہیل مقصود،ضلع بی کے ناظم زاہداقبال طاہر،رانا حمزہ،سہیل حسین،محمدحسین سبحانی،ڈاکٹرعامرشہزاد،راناخرم شہزاد،محمدشاہدانور،محمدسلطان،طاہرمحبوب،محمدعاطف لودھی،محمداشتیاق نعیم،میاں محمدفیاض،رفرحت قادری،شہرازودیگربھی موجودتھے۔علامہ ادریس قادری نے کہا کہ بندہ ہر نماز میں صراطِ مستقیم کی دعا مانگتا ہے، اور اس دعا کا عملی جواب قرآن مجید کی صورت میں عطا کیا گیا ہے، جسے کتابِ ہدایت قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ حقیقی ہدایت انہی لوگوں کو نصیب ہوتی ہے جو قرآن پر ایمان لاتے ہیں اور اسے رسول اکرم ۖ کی تعلیمات کے ذریعے سمجھتے ہیں۔ قرآن اور صاحبِ قرآن ۖ کو جدا نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ ایمان کی تکمیل کے لیے اللہ تعالی، اس کے رسول ۖ اور کتاب اللہ پر یکجا ایمان ضروری ہے۔خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ کامیابی، فلاح اور نجات کا واحد راستہ یہی ہے کہ انسان ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں دامن مصطفی ۖ کو مضبوطی سے تھام لے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں