لاہور(بیو رو چیف ) پنجاب میں ہزاروں پرائیویٹ سکولوں کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جسکے تحت پرائیویٹ اسکولوں کی رجسٹریشن کی مدت میں 4سال کا اضافہ کیا جائیگا ۔مدت میں اضافے کے بعد اب رجسٹریشن 5 سال کے لیے جاری کی جائے گی،اس سے قبل پرائیویٹ سکولوں کو صرف ایک سال کے لیے رجسٹریشن دی جاتی تھی جس کے باعث انہیں انتظامی اور تعلیمی بورڈز سے الحاق کے عمل میں مشکلات کا سامنا رہتا تھا۔نئی پالیسی کے تحت رجسٹریشن کی مدت میں توسیع ملنے سے بورڈز سے الحاق حاصل کرنے میں نمایاں آسانی پیدا ہوگی، رجسٹریشن کے عمل کو شفاف اور مثر بنانے کے لیے رجسٹریشن کمیٹی میں تمام اضلاع سے ایک ایک پرائیویٹ اسکول کے نمائندے کو شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق رجسٹریشن کی مدت میں توسیع کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے سمری پر کام شروع کر دیا گیا ہے جسے باقاعدہ طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ سمری کی منظوری کے بعد پرائیویٹ سکولوں کو 5 سال کے لیے رجسٹریشن جاری کر دی جائے گی، جس سے تعلیمی اداروں کو استحکام اور سہولت میسر آئے گی۔




