سرگودہا (بیوروچیف)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی ہدایت پر مون سون کے دوران نہروں ، ندی نالوں اور دریائوں میں نہانے پر عائد پابندی کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری ہیں۔ ضلع بھر میں رواں ماہ اب تک 26 مقدمات درج کرتے ہوئے 89 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق تحصیل سرگودہا میں سب سے زیادہ 34 گرفتاریاں عمل میں آئیں جبکہ بھلوال میں 14، بھیرہ میں 09، کوٹمومن میں 04 اور سلانوالی میں 07 شاہپور میں 21افراد کو گرفتار کیا گیا۔ تمام ملزمان کے خلاف دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان کے تحت کارروائی کی گئی۔ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا کہ عوام اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں نہ ڈالیں، مون سون کے دوران نہروں اور دریائوں میں نہانا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے۔




