فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے یوم پیدائش کے حوالے سے انجمن تاجران مرشد گروپ کے زیر اہتمام حیدری فرنیچر مارٹ نڑوالہ روڈ پرتقریب کا اہتمام کیا گیا’ تقریب کے مہمان خصوصی سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام تھے’ تقریب میں انجمن تاجران مرشد گروپ کے چیئرمین پیارے بھائی شہزاد اسلم’ چیئرپرسن پیاری بہنا مصباح اسلم کے علاوہ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ گلبرگ شاہ جہاں’ چیئرمین لیبرقومی موومنٹ ملک نذیر ‘ رانا مزمل ایڈووکیٹ’ رانا عابد’ عاصم خان’ ملک ذیشان ککے زئی صدر یوتھ پارلیمنٹ پنجاب’ رانا عبداللہ جنرل سیکرٹری’ مرزا دائود’ شیخ انعام الرحمن’ رابعہ اسلم’ رضیہ اسلم’ شازیہ اسلم کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کی شخصیات نے شرکت کی’ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی خواجہ محمد اسلام سابق ایم پی اے نے کہا کہ یومِ اقبال ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم علم، تحقیق، محنت اور خودی کے جذبے کو فروغ دیں’ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین سے تشبیہ دے کر بلند حوصلے، خودداری اور بلند پروازی کا درس دیا’ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال برصغیر کے عظیم مفکر، شاعر اور فلسفی تھے جنہوں نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے مسلمانوں میں خودی، خوداعتمادی، عمل، اتحاد اور بیداری کا جذبہ پیدا کیا اقبال کا پیغام آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے’ ہمیں ان کے افکار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے نئی نسل کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی پر خصوصی توجہ دینی چاہئے’ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجمن تاجران مرشد گروپ کے چیئرمین پیارے بھائی شہزاد اسلم’ چیئرپرسن پیاری بہنا مصباح اسلم نے کہا کہ آج تجدید عہد کرتے ہیں ہم اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی مخلوق کیلئے آسانیاں پیدا کریں گے اور ہمارا ہر قدم ان کی خیروبرکت کیلئے اٹھے گا’ ہم مرشد طارق اسلم مرحوم کی جلائی ہوئی شمع کو روشن رکھیں گے اور اپنے قائد خواجہ محمد اسلام کی رہنمائی میں عوامی خدمت پر عمل پیرا رہیں گے’ انہوں نے کہا کہ ہمارا آفس آپ سب کیلئے ہمیشہ دستیاب ہے’ آپ اپنی کوئی میٹنگ کرنا چاہیں تو ہم آپ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔




