فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) اچھے مستقبل کیلئے تعلیم کا حصول لازمی ہے مگر تعلیمی ڈگریوں کے ساتھ ساتھ سکلز ایجوکیشن حاصل کرنا دور حاضر کا تقاضا ہے’ مستقبل کے معمار ہنرمند تعلیم حاصل کر کے اپنا اور اپنے خاندان کیلئے حلال رزق حاصل کر سکتے ہیں’ ان خیالات کا اظہار گروموراکیڈمی کے زیر اہتمام کامیاب کاروباری نوجوان مرد اور خواتین کے اعزاز میں منعقدہ سیمینار کے شرکاء سے CEO ملک شاکر حسین نے کیا’ سیمینار میں شہر کے نوجوان بزنس پرسنز نے کثیر تعداد میں شرکت کی’ ملک شاکر حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکلز ایجوکیشن حاصل کریں اور زندگی کی دوڑ میں آگے بڑھیں’ ہمارا ادارہ گذشتہ پانچ سالوں سے ہزاروں سٹوڈنٹس کو سکلز ایجوکیشن دے کر کامیاب بزنس مین بنا چکا ہے جو زندگی کی مختلف فیلڈز میں حلال رزق کما کر عزت کی زندگی بسر کر رہے ہیں’ انہوں نے کہا کہ اگر آپ دنیا میں عزت’ دولت اور شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو محنت کا دامن نہ چھوڑیں’ صرف تعلیمی ڈگریاں حاصل کر لینے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا جب تک آپ سکلز ایجوکیشن میں خود کو نہ منوا لیں’ ہمارا نوجوان تعلیمی درسگاہوں سے ایف اے’ بی اے یا ایم اے کی ڈگری حاصل کر کے جب جاب کی تلاش میں باہر نکلتا ہے تو اسے معلوم ہوتا ہے کہ میری یہ ڈگریاں مجھے جاب نہیں دلا سکتی’ جاب حاصل کرنے کیلئے مجھے سکلز ایجوکیشن کی ضرورت ہے’ اس وقت تک اس کی زندگی کا قیمتی وقت گزر چکا ہوتا ہے’ ہم آج آپ کو گائیڈ کر رہے ہیں کہ روٹین کی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سکلز ایجوکیشن میں اپنا نام پیدا کریں اور زندگی میں کامیابیاں سمیٹیں’ سیمینار کے آخر میں کامیاب بزنس کرنے والی خواتین اور مرد حضرات کو انعامات سے نوازا گیا۔




