فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پرانی دشمنی پر نوجوان قتل’ مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو اور ٹریفک حادثہ میں 2پولیس ملازمین زخمی ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ ساندل بار کے علاقہ 36 ج ب کا رہائشی محمد وقار کھیتوں سے توڑی لیکر جا رہا تھا کہ مخالف سعید ڈوگر نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے ہسپتال منتقل کر دیا مگر وہ دم توڑ گیا جبکہ ملزم سعید ڈوگر موقع سے فرار ہو گیا۔ فیکٹری ایریا پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ساتھیوں کی فائرنگ سے ریکارڈ یافتہ ڈاکو 26 سالہ مبین ولد اشرف شدید زخمی ہو گیا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا، پولیس اہلکار توفیق الرحمن اور محمد ندیم تھانہ صدر کے علاقہ خانوآنہ سے مکوآنہ بائی پاس کی جانب موٹرسائیکل پر جا رہے تھے کہ گاڑی کی ٹکر سے گر کر دونوں زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر دونوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔




