نوجوان قتل،1خودکشی،خاتون ٹریفک وارڈن کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر فرار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حالات کے ستائے نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ قاتلانہ حملوں میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 3افراد لہولہان’ چالاک ملزمان نے کاروبار کا جھانسہ دیکر دو تاجروں کیساتھ اڑھائی کروڑ کا فراڈ’ پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تفتیش شروع کر دی’ بتایا جاتا ہے کہ گھریلو ومعاشی حالات سے دل برداشتہ 22سالہ نوجوان کاشف ولد شفیق نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا، ڈاکٹروں کی کوشش کے باوجود جانبر نہ ہو سکا، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ جبکہ ریلبازار کے تاجر گلفام نے پولیس کو دی جانے والی درخواست میں بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم نے کاروبار کیلئے ایک کروڑ 80لاکھ کی رقم لیکر ہڑپ کر لی، سول لائن پولیس کو دی جانے والی درخواست میں نوید اکبر کا کہنا ہے کہ اس کے جاننے والے ملزم زاہد نے کاروبار کا جھانسہ دیکر 70لاکھ کی رقم لیکر فرار ہو گیا، حسب معاہدہ منافع دیا نہ رقم واپس کی، مطالبہ کرنے پر لیت ولعل کے بعد چیک دیئے جو کہ بوگس نکلے۔ علاوہ ازیں رضاآباد کے علاقہ ظفرآباد میں معمولی جھگڑے پر مشتعل ملزمان نے فائرنگ کر کے شاہ محمد’ 99گ ب میں پرانی دشمنی کی بناء پر مسلح ملزمان نے جاوید اقبال کوگولیاں مار کر بری طرح زخمی کر دیا۔ محلہ صدیق آباد میں عداوت کی بناء پر مشتعل ملزمان ضیاء وغیرہ نے مخالف شان کو گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر دیا۔ حملہ آور ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں