فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) وومن پولیس نے دھوکہ دہی اور فراڈ کے ذریعے خود کو کنواری ظاہر کر کے نکاح پر نکاح کرنیوالی خاتون اور اس کی والدہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا، تفصیل کے مطابق لیاقت آباد کی رہائشی شہزادی زوجہ عباس نے تھانہ وومن میں درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ جوالہ نگر کی رہائشی شمیم بی بی زوجہ افضل سے بیٹے کی شادی کے سلسلہ میں رابطہ ہوا تو شمیم بی بی نے بتایا کہ اس کی بیٹی اقصی دختر افضل کنواری ہے اور 12ستمبر2022کو اقصیٰ کی اس کے بیٹے عاصم سے شادی ہوئی تو نکاح نامہ پر بھی انہوں نے اقصیٰ کو کنواری ظاہر کیا، بعد ازاں معلوم ہوا کہ اقصیٰ بی بی کا 28ستمبر 2019ء کو لاہور کے رہائشی قاسم علی سے نکاح ہوا تھا وہ ابھی بھی منکوحہ ہے اور علم ہونے پر لڑکی اقصیٰ گھر سے دو لاکھ کی رقم اور دیگر قیمتی سامان لیکر رفو چکر ہو گئی، جس پر پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر دھوکہ دہی اور فراڈ کے الزام میں ماں بیٹی کیخلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی۔




