فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی(واسا) کوئٹہ کے2رکنی وفد نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور واسا فیصل آباد کے سیوریج آپریشنز اور واٹر سپلائی ڈسٹری بیوشن سسٹم بارے آگاہی حاصل کی۔اعلی سطحی وفد نے واٹرٹر یٹمنٹ پلانٹ فیز ون کا وزٹ بھی کیا اور اس پراجیکٹ کو اسٹیٹ آف آرٹ منصوبہ قرار دیا۔ واسا کوئٹہ کے مینجنگ ڈائریکٹر مجیب الرحمان کاکڑ اور چیف انجینئر رمضان اچکزئی نے واسا فیصل آباد کا وزٹ کیا اور واسا فیصل آباد کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی جس میں ایم ڈی واسا ثاقب رضا کی نمائندگی ڈائریکٹر آئی اینڈ سی شہریار حسن نے کی جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر کنسٹرکشن اویس جمال، ڈائریکٹر فرنچ پراجیکٹ فیز ون محمد اسد بھی موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران واسا فیصل آباد اور واسا کوئٹہ کے افسران کے مابین مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں محکمہ میں ڈیجیٹل تبدیلی کے لئے کئے گئے اقدامات جن میں کمپیوٹرائزڈ بلنگ سسٹم، آن لائن شکایت پورٹل، کسٹمر ڈیٹا بیس اور مانیٹرنگ ٹولز سمیت دیگر امور شامل تھے۔ اسی طرح محکمانہ کارکردگی، شفافیت اورعوام تک رسائی کو بڑھانے کے لئے اقدامات بارے بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں واسا کوئٹہ کے وفد نے فرنچ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ فیز ون ناولٹی پل کا وزٹ بھی کیا جہاں پر ڈائریکٹر محمد اسد نے انہیں نہر سے پانی کے حصول اور ٹریٹمنٹ کے بعد پانی کی تیاری کے طریقہ، شہریوں کو پانی کی طلب اور فراہمی کے ساتھ ساتھ پانی کی تقسیم بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ایم ڈی واسا کوئٹہ اور چیف انجینئر نے واسا فیصل آباد کی کارکردگی کو خوب سراہا اور ان کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔




