واٹس ایپ میں پاس کیز سپورٹ کا اضافہ

کیلیفورنیا (مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ نے حالیہ برسوں کے دوران اکائونٹ سکیورٹی اور پرائیویسی کے لیے متعدد فیچرز متعارف کرائے ہیں۔میٹا کی زیرملکیت ایپ میں ایک اور بہترین فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو اکائونٹ سکیورٹی کو مزید بہتر بنا دے گا۔بہت جلد آپ واٹس ایپ چیٹ بیک اپ کو پاس کیز کے ذریعے انکرپٹ کرسکیں گے۔میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ واٹس ایپ بیک اپ کے لیے پاس کیز سپورٹ متعارف کرائی جا رہی ہے۔یہ فیچر آنے والے مہینوں میں تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔پاس کیز بنیادی طور پر ڈیجیٹل کیز ہیں جن کا استعمال آسان ہوتا ہے جبکہ یہ زیادہ محفوظ ہوتی ہیں کیونکہ یہ کسی ویب سرور پر اسٹور نہیں ہوتیں۔طویل پاس ورڈ یا پیچیدہ طریقہ کار کی بجائے یہ ٹیکنالوجی 4 ہندسوں پر مشتمل پن کوڈ یا بائیو میٹرک تفصیلات (چہرے یا فنگرپرنٹ) کو ڈیٹا تک رسائی فراہم کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔واٹس ایپ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جیسے آپ اپنی پرسنل چیٹس اور کالز کو واٹس ایپ میں پاس کیز کے ذریعے تحفظ فراہم کرتے ہیں، وہی سکیورٹی اب چیٹ بیک اپ کے لیے بھی دستیاب ہوگی، تاکہ وہ ہمیشہ محفوط، قابل رسائی اور صرف آپ تک محدود رہے۔واضح رہے کہ آغاز میں واٹس ایپ میں چیٹ بیک اپ انکرپٹڈ نہیں ہوتا تھا مگر 2021 میں یہ سکیورٹی تحفظ چیٹ بیک اپ کے لیے فراہم کیا گیا۔اس بیک اپ تک رسائی پاس ورڈز یا 64 کریکٹرز پر مشتمل انکرپشن کیز سے ہوتی ہے۔مگر دونوں میں مسئلہ یہ ہے کہ آپ کو بیک اپ ری اسٹور کرنے کے لیے پاس ورڈ یا انکرپشن کیز کو یاد رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے، مگر پاس کیز کی بدولت بیک اپ تک رسائی کے لیے آپ کو پاس ورڈ یا پیچیدہ انکرپٹڈ کیز کی ضرورت نہیں ہوگی۔اس فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ بھی کافی آسان ہے۔واٹس ایپ سیٹنگز میں چیٹ، پھر چیٹ بیک اپ اور وہاں اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ بیک اپ کو ان ایبل کرکے دیکھیں کہ کیا پاس کیز کو استعمال کرنے کا آپشن موجود ہے یا نہیں۔اگر نہیں ہے تو کچھ دن یا ہفتے انتظار کریں، بہت جلد یہ آپ کو دستیاب ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں