اسلام آباد (بیوروچیف) وراثتی جائیداد میں سب کا حصہ اب خاندان کا کوئی ایک فرد ہڑپ نہیں کرسکے گا، سپریم کورٹ نے خاندانی جائیداد کے تنازعات میں اہم اصول وضع کر دئیے۔سپریم کورٹ نے خاندانی جائیداد کے تنازعات سے متعلق اہم اصول وضع کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ وقت گزرنے سے وراثتی جائیداد میں کسی وارث کاحق ختم نہیں ہوگا جائیداد میں حصہ نہ ملنے پر متاثرہ وارث چھ سال کے اندر قانونی چارہ جوئی کرسکے گا، تاہم اس مدت کا آغاز حق سے محرومی کا علم ہونے پر ہوگا۔عدالت نے واضح کیاکہ کسی وارث کو لاعلم رکھ کر اسے جائیداد کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا، سپریم کورٹ نے وراثتی جائیدادکی بروقت تقسیم یقینی بنانے کے لیے حکومت کو قانون سازی کی سفارش بھی کردی۔ عدالت کیمطابق وراثتی جائیدادکی بروقت تقسیم ورثا اور متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے، موثر قانون سازی سے خاندانی جائیداد کے تنازعات حل کرنے میں مدد ملے گی۔




