ورلڈ کلچرل فیسٹیول ،جرمن فنکارہ کی منفرد پرفارمنس نے شائقین کے دل جیت لئے

کراچی(شوبز نیوز)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام جاری ورلڈ کلچر فیسٹیول کے 12ویں روز جرمن کوریوگرافر اور پرفارمر سارا اینگیئس کی 45 منٹ پر مشتمل منفرد پرفارمنس نے شائقین کو مسحور کر دیا۔لونو کے عنوان سے پیش کیے جانے والے اس فن پارے میں جدید رقص، فزیکل تھیٹر، پتلی تماشا اور بصری فنِ فریب کو یکجا کرکے انسانی شعور، یادداشت اور ماضی و مستقبل سے متعلق انسانی تصورات کو موضوع بنایا گیا۔بغیر مکالموں کے پیش کیے جانے والے اس پرفارمنس میں ایک خاتون اور ٹیبل لیمپ کے درمیان غیر معمولی فنکارانہ تعلق کو منفرد انداز میں پیش کیا گیا۔، جسے شائقین نے بے حد سراہا اور فنکارہ کو بھرپور تالیاں بجا کر داد دی۔فیسٹیول کے دوران کینیا کے فنکاروں ماکادم اور ایڈیلا نے میوزک ایز میموری کے عنوان سے موسیقی کی ایک خصوصی ورکشاپ بھی منعقد کی، جس میں انہوں نے لوو برادری کے روایتی ساز نیاتیٹی کی تاریخ، ساخت اور اس سے وابستہ ثقافتی روایات پر روشنی ڈالی۔فنکاروں نے بتایا کہ ماضی میں نیاتیٹی بجانے کی روایت صرف مردوں تک محدود تھی، تاہم اب خواتین بھی اس موسیقی کے فن میں نمایاں مقام حاصل کر رہی ہیں۔ورکشاپ میں شریک موسیقی کے طلبہ اور دیگر شرکا نے کینیا کی روایتی دھنوں سے بھرپور لطف اٹھایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں