کمالیہ(نامہ نگار)یونیورسٹی آف کمالیہ میں فیکلٹی کی تقرری کے لیے سلیکشن بورڈ کاپہلا اجلاس منعقد ہوا۔ یونیورسٹی آف کمالیہ نے ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں تدریسی عملے کی تقرری کے لیے اپنے پہلے سلیکشن بورڈکا اجلاس کامیابی سے منعقد کیا۔ اس اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب نے کی۔بورڈ نے لیکچرار اور اسسٹنٹ پروفیسرز کی 30آسامیوں کے لیے درخواستوں کا جائزہ لیا اور انٹرویوز کیے ۔ جس میں کیمسٹری، فزکس، ریاضی، بزنس مینجمنٹ، کامرس، کمپیوٹر سائنس و آئی ٹی، انگریزی، اسلامیات، اور مطالعہ پاکستان کے مضامین شال تھے۔یونیورسٹی کے قوانین کے مطابق تشکیل دیا گیا یہ سلیکشن بورڈ ممتاز ماہرین پر مشتمل تھا، جن میں محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب (HED)، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان (HEC)کے نمائندگان، معروف مضموناتی ماہرین اور سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز شامل تھے ۔اس موقع پر وائس چانسلر پرو فیسر ڈاکٹر یاسر نواب نے کہاوزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور پالیسی، اور وزیر برائے اعلی تعلیم پنجاب جناب رانا سکندر حیات خان کی ہدایا ت کے مطابق، سلیکشن کا پورا عمل مکمل طور پر میرٹ، علمی قابلیت اور تدریسی صلاحیت کی بنیاد پر کیا گیا۔




