اسلام آباد(بیورو چیف)وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی نے جرائم کی تفتیش کی حرکیات تبدیل کر دی ہیں، فارنزک شواہد جرائم کی شناخت، موثر پراسیکیوشن اور سزائوں کے حصول میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فارنزک سائنس انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل فورنزک ایجنسی کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر انہیں ایجنسی کے مختلف شعبوں، لیبارٹریز اور فورنزک تحقیقات کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل فورنزک ایجنسی ایکٹ 2024 کے تحت 24 دسمبر 2024 کو نیشنل فورنزک ایجنسی قائم کی گئی، جو ملک کا مرکزی وفاقی فارنزک ادارہ ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں، پراسیکیوشن اور عدالتوں کو سائنسی فارنزک خدمات فراہم کر رہا ہے۔




